صفا اور مروہ مکہ مکرمہ میں دو پہاڑیاں ہیں، جب حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اپنی اہلیہ حضرت ہاجرہ (رضی اللہ عنہا) کو اپنے دودھ پیتے صاحبزادے اسماعیل (علیہ السلام) کے ساتھ چھوڑ کرگئے تو حضرت ہاجرہ (رضی اللہ عنہا) پانی کی تلاش میں ان پہاڑیوں کے درمیان دوڑی تھیں، حج اور عمرے میں اللہ تعالیٰ نے ان کے درمیان سعی کرنا واجب قرار دیا ہے، اگرچہ سعی واجب ہے مگر یہاں "کوئی گناہ نہیں" کے الفاظ اس لئے استعمال فرمائے گئے ہیں کہ زمانہ جاہلیت میں یہاں دو بت رکھ دئے گئے تھے جو اگر چہ بعد میں ہٹالئے گئے مگر بعض صحابہ کو یہ شک ہوا کہ شاید ان پہاڑیوں کے درمیان دوڑنا جاہلیت کی نشانی ہونے کی وجہ سے گناہ ہو، آیت نے یہ شک دور کردیا۔