قرآنِ کریم کی اصطلاح میں ’’صبر‘‘ کا مفہوم بہت عام ہے۔ اِنسان اپنی نفسانی خواہشات کے تقاضوں کو جب بھی اللہ تعالیٰ کے حکم کی وجہ سے دبا لے تو یہ صبر ہے۔ مثلاً نفس کی خواہش یہ ہورہی ہے کہ اس وقت کی نماز چھوڑ دی جائے۔ ایسے موقع پر اس خواہش کی خلاف ورزی کر کے نماز پڑھنا صبر ہے۔ یا اگر کسی گناہ کی خواہش دِل میں پیدا ہورہی ہے تو اس کو دبا کر گناہ سے بچ جانا صبر ہے۔ اِسی طرح اگر کسی تکلیف کے موقع پر اگر نفس کا تقاضا یہ ہو کہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر شکوہ اور غیر ضروری واویلا کیا جائے، تو ایسے موقع پر اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر راضی رہ کر اختیاری واویلا نہ کرنا بھی صبر ہے۔ اس طرح صبر کا لفظ دِین کے تمام احکام پر عمل کو حاوی ہے۔ یہی معنیٰ آیت نمبر 24 میں بھی مراد ہیں۔
یعنی بُرائی کا بدلہ اچھائی سے دیتے ہیں، اور ’’دفاع‘‘ کا لفظ استعمال فرما کر قرآنِ کریم نے یہ بھی واضح فرما دیا کہ اچھائی کرنے کا انجام بالآخر یہ ہوتا ہے کہ دوسرے کی بد سلوکی کے بُرے اثرات مٹ جاتے ہیں۔
اس آیت میں اصل الفاظ یہ ہے: ’’لَھُمْ عُقْبَی الدَّارِ‘‘۔ اس میں الدار کے لفظی معنیٰ ’’گھر‘‘ کے ہیں۔ بہت سے مفسرین نے کہا ہے کہ اس سے مراد آخرت کا عالم ہے۔ یہ لفظ بکثرت وطن کے معنیٰ میں بھی استعمال ہوتا ہے ،اور یہاں آخرت کے بجائے اِس لفظ کو اِستعمال کرنے سے بظاہر اشارہ اس طرف ہے کہ اِنسان کا اصلی گھر اور وطن آخرت ہے، اِس لئے کہ دُنیا کی زندگی تو فنا ہوجانے والی ہے۔ اِنسان کو ہمیشہ ہمیشہ جہاں رہنا ہے، وہ آخرت کا عالم ہے۔ اس لئے یہاں ’’الدار‘‘ کا ترجمہ ’’اصلی وطن‘‘ سے کیا گیا ہے۔ یہی بات آگے آیت 24 و 25 میں بھی ملحوظ رہنی چاہئے۔