بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی عید 2025 پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر متوقع کامیابی حاصل نہ کر سکی اور اداکار کے 37 سالہ فلمی کیریئر کا بدترین ریکارڈ بن گئی۔ رپورٹس کے مطابق، فلم نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں بھارت میں تقریباً 75 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا، جو سلمان خان کی سابقہ فلموں کے مقابلے میں خاصی مایوس کن کارکردگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، فلم نے پہلے دن 26 کروڑ، دوسرے دن 29 کروڑ، اور تیسرے دن 19 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے کمائے، جس کا مجموعہ 74 کروڑ سے کچھ زائد بنتا ہے۔ تیسرے دن فلم کی کمائی میں 32 فیصد سے زیادہ کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد بھارت کے کئی سنیما گھروں سے اسے ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ سلمان خان کے کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے جب ان کی فلم ریلیز کے محض تیسرے دن ہی نقصان کی وجہ سے سنیما گھروں سے ہٹائی جا رہی ہو۔
بھارت کے کئی شہروں میں سنیما مالکان نے ’سکندر‘ کے ٹکٹس فروخت نہ ہونے کے باعث مقامی ملیالم فلم ’ایل 2: امپوران‘ کے شوز لگانے کا فیصلہ کیا۔ یہ فلم، جس میں لیجنڈری اداکار موہن لعل نے مرکزی کردار ادا کیا، 27 مارچ کو ریلیز ہوئی اور اب تک باکس آفس پر 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی کمائی کر چکی ہے۔
دوسری جانب، ’سکندر‘ کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا نے دعویٰ کیا کہ فلم نے تین دن میں بھارت سے 102 کروڑ اور دنیا بھر سے 39 کروڑ بھارتی روپے کمائے، جو مجموعی طور پر 141 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔ تاہم، ان اعداد و شمار کی فلم انڈسٹری کے آزاد ٹریڈ ماہرین سے تصدیق نہیں ہو سکی، جس سے کمائی کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔
’سکندر‘ کو ریلیز سے قبل ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور پہلے دن کی کمائی بھی توقعات سے کم رہی۔ ناقدین اور شائقین کے ملے جلے ردعمل کے ساتھ ساتھ فلم کی ناکامی نے سلمان خان کے مداحوں کو بھی مایوس کر دیا ہے۔