لاہور: ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے بی بلاک میں ہونے والی 3 کروڑ روپے کی مسلح ڈکیتی کے ملزمان پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ ہفتے ڈیفنس بی کے ایک رہائشی مکان میں تین مسلح افراد نے دھاوا بول کر قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔ واقعے میں گھر کی مالکہ ثناء سکندر کے سونے کے زیورات، موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ہیرے کی انگوٹھی اور غیر ملکی کرنسی سمیت کل 3 کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری ہوا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے ہدایات پر ایس پی کینٹ ڈویژن کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور سیف سٹی کیمروز کی ریکارڈنگ کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی زیرقیادت پولیس نے چھاپے مار کر تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، گرفتاری کے دوران تمام مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملزمان کا تعلق کسی منظم گینگ سے ہوسکتا ہے۔
ڈیفنس پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور ممکن ہے کہ اس واقعے سے دیگر سلسلوں کا پتہ چل سکے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کی فوری اطلاع دیں۔