پاکستان کرپٹو کونسل کا پہلا اجلاس: نئے ڈیجیٹل باب کا آغاز
اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کرپٹو کونسل کا پہلا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کرپٹو کونسل کو ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک اور جدید پالیسیوں کے ذریعے ملکی معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب نے کونسل کے لیے ایک جامع وژن اور مشن پیش کیا۔ انہوں نے بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور جدید مالیاتی نظام کے قیام پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کرپٹو کونسل ملک میں ڈیجیٹل فنانس کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
بلال بن ثاقب نے اجلاس میں کرپٹو سے متعلق چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی اور کونسل کے مستقبل کے اہداف پیش کیے، جن میں قانونی فریم ورک، سرمایہ کاری کے مواقع، اور عوام میں کرپٹو کے بارے میں شعور اجاگر کرنا شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کرپٹو کی پالیسی سازی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے تاکہ ایک مربوط اور محفوظ نظام تشکیل دیا جا سکے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے ملک میں جدید مالیاتی نظام، کرپٹو سرمایہ کاری کے مواقع، اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کرپٹو معیشت کے فروغ کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرے گی تاکہ ملک میں ڈیجیٹل فنانس کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔